رام بن (جموں و کشمیر) : وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ زمینی راستے سے جوڑنے والی سرینگر - جموں شاہراہ پر ضلع رام بن میں بھاری بھرکم مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے امرناتھ یاتریوں کا کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ معطل رہا اور یاتریوں کو کشمیر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ادھر، حکام نے عوام سے شاہراہ کی بحالی کا کام مکمل ہونے تک شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا:’’رام بن میں ٹی 2 مرگ پر ایک بھاری بھرکم مٹی کا تودا گر آیا جس وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک بند کر دیا گیا ہے۔‘‘ ٹویٹ میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔ پولیس نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ شاہراہ کی بحالی کا کام ہنوز جاری ہے اور لوگ مکمل بحالی تک اس پر سفر کرنے سے اجتناب کریں۔