جموں سرینگر قومی شاہراہ ضلع رامبن کے سب ڈویژن رامسو کے گانگرو علاقے میں بھاری چٹانیں کھسکنے اور مٹی کے تودے گرنے سے بند ہے۔ تاہم اُمید ہے کہ آج شاہراہ پر ٹریفک بحال ہوگا۔ شاہراہ کے مسلسل بند رہنے کے سبب طلبا کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں کئی کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔
قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل رہنے سے طلبا پریشان جمعہ کے روز شاہراہ پر تجدید و مرمت کیلئے ضلح انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کی نقل وحرکت کو معطل کرنے کے باوجود کئی مقامی گاڑیاں اور ایمرجنسی سفر کرنے والے افراد کیلئے پورا دن مشکل بھرا رہا۔ ٹریفک کی آمد و رفت بالکل بند تھی، تاہم ٹریفک کنٹرول روم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز جموں سے سرینگر کی جانب گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔
تعمیراتی کمپنی کے عہدیداروں کے مطابق شاہراہ پر بحالی کا کام شد و مد سے جاری ہے۔ ہفتے کو شاہراہ کو آمد و رفت کے لائق بنایا جائے گا۔
اس ضمن میں ایس ایس پی قومی شاہراہ رامبن شری جے ایس جوہر نے کہا کہ شاہراہ کے بحال ہونے کی صورت میں جموں سے وادی کی جانب گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ تاہم شاہراہ پر بھاری چٹانوں کو توڑنے کیلئے مشینوں کا استعمال جنگی سطح پر لگاتار جاری ہے۔
دوسری جانب طلبہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز ضلح انتظامیہ نے تعمیراتی کمپنی کو مرمت کے نام پر کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور زمینی سطح پر تعمیراتی کمپنی بغیر کسی رکاوٹ کے کٹائی کا کام کررہی ہے اور زیر تعلیم طلبہ کو کالج جانے کے لیے کئی میل پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے شاہراہ کی مرمت کا کام اتوار کے روز کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔