ان کا الزام ہے کہ پارٹی کی موجودہ صدر محبوبہ مفتی صرف چند 'ڈرائنگ روم سیاستدانوں، لینڈ مافیا کے لوگوں اور پیسے والوں کی سنتی ہیں'۔
سریندر چودھری نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ڈی پی چھوڑنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ان کے درجنوں حامی بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا: 'جہاں مان نہیں سمان نہیں اور عزت نہیں وہاں رہ کر کیا کریں گے۔ ہم نے 28 ہزار ووٹ لیے تھے تو مجھے ایم ایل سی بنایا گیا تھا۔ دوسری طرف ایک وہ بھی بندہ تھا جس کو محض 4 ہزار ووٹ لانے پر ایم ایل سی بنایا گیا تھا'۔
چودھری نے کہا کہ مجھے دکھ ہو رہا ہے کہ مرحوم مفتی محمد سعید کی محنت ضائع ہو رہی ہے کیونکہ بقول ان کے 'مفتی صاحب نے 48 ڈگری درجہ حرارت کے باوجود جموں کے اندر پی ڈی پی کو بنانے کے لئے محنت کی تھی'۔