لائن آف کنٹرول پر اکثر سیکٹر جنگ جیسی صوتحال سے دو چار ہے۔ ادھر لائن آف کنٹرول کے قریب عسکریت پسندوں کے دو گروپوں کی نقل و حرکت کے بعد فوج نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں الرٹ جاری کیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر تعینات تمام یونٹوں کو ہائی الرٹ پر رہنے اور پاک فوج کی جانب سے کسی بھی کارروائی کے لئے مؤثر جوابی کارروائی کے لئے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا 'عسکریت پسندوں کے دو گروپ، جو بارڈر ایکشن ٹیم بھی ہوسکتے ہیں، کو لائن آف کنٹرول کے پاس ضلع راجوری اور ضلع پونچھ میں دیکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیر: شدید گولہ باری میں 5 سیکیورٹی اہلکار سمیت 9 افراد ہلاک
واضح رہے جموں و کشمیر کے چار اضلاع میں جمعہ کے روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت اور پاکستان کی فوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار اور 4 عام شہری ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گذشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔