جے پور: ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں واقع کوہ نور میرج ہال میں ریاستی عازمین حج کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ تربیتی کیمپ میں عازمین حج کو تمام تر اہم جانکاری فراہم کی گئی۔ تربیتی کیمپ مہاراشٹر کے انسٹرکٹر محمد صغیر نوری صاحب اور سانگانیر کے مفتی غلام مصطفیٰ نجمی نے عازمین کو حج کے ارکان کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی۔ سنی دعوت اسلامی کے مبلغ عامر نوری، سہیل اشرفی اور ایڈووکیٹ عرفان نے بتایا کہ اس سال کا تربیتی کیمپ سوسائٹی کے زیر اہتمام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تربیتی کیمپ میں ضلع جے پور اور آس پاس کے علاقوں سے حج اور عمرہ پر جانے والے مرد و خواتین کو تربیت دی گئی۔ یہ پروگرام شہر کے کوہ نور میرج ہال میں صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک منعقد کیا گیا۔ اس تربیتی کیمپ میں تجربہ کار حج ٹرینرز محمد صغیر نوری، املنیر، مفتی غلام مصطفیٰ نجمی نے عازمین حج کو احرام باندھنے، طواف کرنے، تمام ارکان، سعودی عرب کے قوانین، ہوائی اڈے کے قوانین، ضروری اشیاء اور حج کے دوران احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا۔