اجمیر: انسانی جسم کی روحانی غذا اور صوفیانہ کلاموں کی محفلیں اب محرم الحرام کا چاند نظر آتے ہی بیان کربلا میں تبدیل ہو جائے گی۔ مسلم علاقوں میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت کو یاد کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ 1400 برس قبل عراق کے کربلا شہر میں حق اور باطل کی جنگ ہوئی، جس میں حضرت امام حسین اور ان کے 72 ساتھیوں کو شہادت کا جام نوش کرنا پڑا۔ اسی جنگ کو دنیا بھر میں عاشقان اہل بیت غم حسین مناتے ہیں۔ راجستھان کے اجمیر میں سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمت اللہ علیہ حسنی حسینی ہیں، یہی وجہ ہے کہ محرم الحرام میں پورا شہر یاد حسین میں کھویا رہتا ہے اور درگاہ میں صوف یانہ قوالیوں کا سلسلہ 13 روز کے لیے تھم جاتا ہے۔