راجستھان کانگریس کے انچارج اجے ماکن ایک پروگرام کے سلسلہ میں جے پور پہنچے تھے جہاں انہیں مسلم طبقہ کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ اجے ماکن نے پروگرام میں متعدد لوگوں سے ملاقات کی۔ اس دوران ان سے راجستھان حکومت کی جانب سے مسلمانوں کو نظرانداز کرنے کی شکایت کی گئی۔
راجستھان: اردو سے متعلق مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی
راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں آج کانگریس کے سینئر رہنما و پارٹی انچارج اجے ماکن کو مسلم طبقہ کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جے پور میں راجستھان پروگریسیو کے سربراہ اور ریاستی کانگریس کمیٹی کے رکن محمد شریف نے اردو سے متعلق مسائل کو جلدازجلد حل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔
اجے ماکن کو بتایا گیا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں مدرسہ پیرا ٹیچرز کے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس بارے میں اب تک کچھ نہیں کیا گیا۔ وہی شمشیر بھالو خان کی جانب سے چورو ضلع سے نکالی جا رہی ڈانڈی یاترا کو لے کر بھی ناراضگی ظاہر کی گئی۔
ریاستی کانگریس کمیٹی کے انچارج نے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد انہیں حل کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔ اجے ماکن نے مزید کہا کہ اردو زبان سے متعلق بھی تمام مسائل کو حل کرنے کےلیے حکومت کی جانب سے بہت جلد اقدامات کئے جائیں گے۔