پاپولر فرنٹ آف انڈیا (راجستھان) کے ریاستی صدر محمد آصف نے ای ڈی کی جانب سے راجستھان کے علاوہ دیگر ریاستوں میں پی ایف آئی کے دفاتر اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے ماری کی مذمت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ای ڈی کی کاروائی کا مقصد تنظیم کو بدنام کرنا ہے۔
کسانوں کے احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے پی ایف آئی کو نشانہ بنایا گیا
ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں واقع پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے دفتر پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے چھاپہ مارا گیا۰ ای ڈی کی کاروائی کی تنظیم کے ریاستی صدر محمد آصف نے مذمت کی۔
انہوں نے حکومت پر تنظیم کو بدنام کرنے کی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے احتجاج سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کےلیے یہ کاروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی تنظیم کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کئے گئے تھے لیکن آج تک حکومت ان الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔
محمد آصف نے کہا کی پاپولر فرنٹ کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے جو ناکام ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا۔ بی جے پی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کو نشانہ بنارہی ہے۔