راجستھان حکومت نے عالمی وبا کورونا کی دوسری لہر کے تیزی سے بڑھنے کے پیش نظر ریاست میں جمعہ کی شام چھ بجے سے پیر کی صبح پانچ بجے تک ویکینڈ کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے جمعرات دیر شب کورونا کورگروپ کے ساتھ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا۔ کورونا کے بڑھتے انفیکشن کے پیش نظر جمعہ کی شام چھ بجے سے پیر کی صبح پانچ بجے تک ریاست میں کرفیو رہے گا۔ گہلوت نے تمام لوگوں سے درخواست کی ہے کہ کرفیو کے دوران حکومت کا تعاون کریں اورکووڈ مناسب سلوک کی پیروی کریں۔
انہوں نے کہا کہ کرفیو کے دوران پہلے سے جاری نائٹ کرفیو میں رعایت کی کیٹگری والی خدمات میں پھل سبزی، دودھ، ایل پی جی اور بینکنگ خدمات کو شامل کیا گیا ہے۔ پہلے ریاست کے 17 اضلاع میں کورونا کے زیادہ معاملے سامنے آرہے تھے لیکن گذشتہ کچھ دنوں سے تمام اضلاع میں انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اب ریاست میں کورونا کے 6658 نئے معاملے اور 33 اموات ہوئی ہیں۔ اس لئے ویکینڈ کرفیو کا سخت فیصلہ کیا گیا ہے۔