ہنومان گڑھ: راجستھان کے ہنومان گڑھ میں پیر کی صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ فضائیہ کا مگ 21 طیارہ رہائشی علاقے میں گرا تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں تین افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ تین افراد کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے کے دوران مگ 21 ہوا میں لہراتے ہوئے ایک مکان پر جا گرا۔ وہیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پیلی بنگا تھانہ پولیس موقعے پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔ یہاں حادثے کے بعد گاؤں والوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع ہوگئی۔
ہنومان گڑھ کے ایس پی سدھیر چودھری نے بتایا کہ طیارے نے سورت گڑھ سے اڑان بھری تھی۔ یہ بہلول نگر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ فضائیہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فضائیہ کے مگ 21 نے آج صبح معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی، اسی دوران یہ طیارہ کریش ہو گیا۔ اس حادثے میں دونوں پائلٹ خود کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیاب رہے۔ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ پائلٹ محفوظ ہے کیونکہ پائلٹ حادثے کا احساس ہوتے ہی پیراشوٹ کے ذریعے طیارہ چھوڑ چکے تھے۔ حادثے کے بعد گاؤں والوں کی بڑی تعداد موقعے پر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق مگ 21 نے سورت گڑھ سے ٹیک آف کیا۔ حادثہ بہلول نگر کے قریب ایک کھیت میں پیش آیا اور اسی کھیت میں ایک مکان بنا ہوا تھا۔ بیکانیر رینج کے آئی جی اوم پرکاش پاسوان نے اس خبر کی تصدیق کی۔