ٹونک: راجستھان کے ضلع ٹونک کے سرمپچ کے دھانی کھڑگی گاؤں میں مرغی چوری کے شبہ میں ایک نوجوان کو درخت سے باندھ کر پیٹا گیا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ یہ واقعہ کے عید کے دن کا بتایا جارہا ہے۔ متاثرہ نوجوان اور اس کے اہل خانہ نے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے منگل کو اے ایس پی کو میمورنڈم دیا۔ برونی تھانہ کے اسٹیشن آفیسر ہری رام ورما نے بتایا کہ ٹونک ضلع کے برونی تھانہ کے تحت سرمپچ کی دھانی (کھڑگی) کے رہنے والے انیس بنجارا نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ٹونک ضلع ہیڈکوارٹر آنے کے بعد اے ایس پی کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔ اس میں انیس نے مار پیٹ کا الزام لگاتے ہوئے کچھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ اس نے بتایا کہ عید کی رات کو اسے گھر سے لے جاکر رسی سے ہاتھ پیر باندھ دیے گئے۔ اس کے بعد اسے درخت سے باندھ دیا گیا اور اس کے ساتھ مارپیٹ کی گئی۔
متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ علاؤالدین، واحد، ساجد سمیت کچھ لوگ 22 اپریل کو دیر رات اس کے گھر آئے اور کچھ کام کے بہانے اسے ساتھ لے گئے۔ اسی دوران ملزمین نے انیس پر ان کی مرغی چوری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کے ہاتھ پیر باندھ دیے۔ بعد میں اسے درخت سے باندھ کر اس کی پٹائی گئی جس کی وجہ سے انیس بے ہوش ہوگیا۔ مارپیٹ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔