راجستھان کے شہر جیسلمیر سے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کیا ہے، جس پر یہ الزام ہے کہ اس نے پاکستان کے لیے جاسوسی کی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ راجستھان پولیس کی ایک خصوصی برانچ نے پاکستان کے لئے جاسوسی کے الزام میں اس 42 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے پولیس نے بتایا 'جیسلمیر کے رہائشی ستیہ نارائن پالیوال پر جاسوسی کے الزام میں سی آئی ڈی (اسپیشل برانچ) نے مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کیا ہے'۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر بھارتی فوج کے بارے میں خفیہ معلومات شیئر کررہا تھا۔
راجستھان پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ سے رابطہ کیا اور حساس فوجی معلومات شیئر کیں۔
یہ بھی پڑھیے
سپریم کورٹ میں کسانوں کے مظاہرے سے متعلق متعدد عرضیوں پر سماعت آج
اس سے قبل جموں و کشمیر پولیس نے گذشتہ برس نومبر میں پاکستان کے لئے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص، کلجیت کمار کو جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع سے گرفتار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، کلجیت سانبہ میں اہم مقامات کی تصویر کشی کررہا تھا اور ان تصاویر کو سنہ 2018 سے پاکستان بھیج رہا تھا، مبینہ طور پر وہ اس کے عوض بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔ خطے میں سرگرم سیکیورٹی اداروں نے سانبہ پولیس کے ساتھ مل کر ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔