عالمی مشہور صوفی حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ عام زائرین کے لئے کب کھلے گی؟ ان سوالوں کے جواب نہ درگاہ کمیٹی کے پاس ہے اور نہ ہی خادموں کی انجمن کے پاس۔
عاشقان خواجہ درگاہ کھلنے کے منتظر اس سلسلے میں مسلم طبقے نے اب درگاہ کمیٹی اور انجمن دونوں پر دباؤ بنانا شروع کر دیا ہے۔ عقیدت مندان غریب نواز کا کہنا ہے کہ راجستھان حکومت سے سوال کیا جائے آخر مذہبی مقامات کو کب اور کس گائیڈ لائن کے تحت کھولا جائے گا۔
درگاہ کے خادموں نے ملک بھر کے عقیدت مندوں کی جانب سے کیے جارہے سوالوں کو اپنی انجمن سید زادگان کے سامنے رکھا اور کہا کہ جلد سے جلد عقیدت مندوں کے لیے خواجہ کا آستانہ دعا اور التجا کے لئے کھولا جائے۔
غور طلب ہے کہ ضلع انتظامیہ، درگاہ کمیٹی اور انجمن کے درمیان درگاہ کھولنے کو لے کر ابھی تک کوئی اہم فیصلہ نہیں لیا جا سکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ درگاہ سے جڑے لوگ اب کاروبار اور دو وقت کی روزی روٹی کے لئے ترس گئے ہیں۔