ملٹری انٹیلیجنس کی جیسلمیر یونٹ نے ہفتہ کی رات بھارتی فوج کے سب سے بڑے فوجی اسٹیشن کے مین گیٹ کے قریب ایک بڑا آپریشن کیا۔ بھارتی فوج کے انٹیلیجنس یونٹ نے جاسوسی کے شبہ کی بنیاد پر ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق مشتبہ شخص ضلع کے باسن پیر گاؤں کا رہائشی خان بتایا جارہا ہے جس کی آرمی کینٹ میں کینٹین تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اس کا ملٹری اسٹیشن پر آنا جانا لگا رہتا تھا اور فوج کی خفیہ ایجنسی کچھ عرصے سے مسلسل مشتبہ شخص کی نگرانی کر رہی تھی۔
آرمی انٹیلیجنس ٹیم نے ہفتے کے رات دیر گئے ملٹری اسٹیشن کے ٹی ایس پی ون گیٹ کے قریب ملزم کو پکڑ لیا اور اس سے پوچھ گچھ کی۔ اس دوران اس کے موبائل فون میں پاکستان، آسٹریلیا، سری لنکا اور انگلینڈ سمیت متعدد ممالک کے نمبر بھی ملے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جموں ایئرپورٹ کے تکنیکی علاقے میں دھماکہ
معلومات کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعہ یہ کہا جارہا ہے کہ اسے پاکستان انٹیلی جنس ایجنسی (آئی ایس آئی) نے ہنی ٹریپ میں پھنسا رکھا تھا۔ اب اس سارے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ملٹری انٹیلیجنس کے ساتھ انٹیلی جنس ایجنسیاں بھی ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔ ابھی تک اس پورے معاملے پر کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔