اجمیر: پدم شری ایوارڈ کے لیے منتخب استاد احمد حسین، محمد حسین نے صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں حاضری دی۔ پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے سے قبل حسین برادر نے شکرانہ چادر پیش کرنے حضرت خواجہ غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ کے مزار مبارک پر پہنچے تھے۔ جہاں انہوں نے درگاہ شریف میں صوفیانہ منقبت کا نذرانہ بھی خواجہ غریب نواز کی بارگاہ میں پیش کیا جسے سماعت کے لیے عقیدت مندوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔
حسین برادرز نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ اعزاز حاصل کرنے سے قبل حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں حاضری دے اور شکر ادا کریں۔ اس موقع پر درگاہ کے خادم شیخ نوید چشتی نے انہیں زیارت کروائیں اور پدم شری ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے پر حسین برادرز کو پگڑی باندھ کر ان کی عزت افزائی کی۔ احمد حسین اور محمد حسین نے میڈیا کو بتایا کہ یہ خواجہ صاحب کے فضل و کرم اور عنایت کا نتیجہ ہے کہ انہیں ملک کی 106 عظیم شخصیات میں پدم شری سے نوازا گیا ہے۔ یہ اہل وطن کی محبت اور خواجہ غریب نواز کے نظر کرم کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ درگاہ زیارت کے بعد ہی پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ اجمیر شریف درگاہ پہنچنے پر محمد حسین احمد حسین نے خوبصورت صوفیانہ منقبت کا نذرانہ بھی پیش کیا۔