بیکانیر:راجستھان کے بیکانیر ضلع میں منگل کی رات 11:36 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی۔ جانکاری کے مطابق آس پاس کے علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق، زلزلے کا مرکز بیکانیر سے 685 کلومیٹر مغرب میں، زیر زمین 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ فی الحال زلزلے سے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ منگل کی صبح ہریانہ کے جھجر ضلع میں بھی زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی شدت 2.5 تھی اور اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ گذشتہ ماہ 28 مئی کو دہلی سے لے کر جموں و کشمیر تک کئی مقامات پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس کا مرکز افغانستان بتایا گیا اور ریکٹر اسکیل پر شدت 5.2 ناپی گئی۔