راجستھان میں کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے اسکول، کالج، جم اور سنیما ہال بند کر دئے گیے۔ لیکن اب عوامی جگہوں پر اجتماع پر پابندی عائد کردی ہے۔ وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے پیر کی رات اپنی رہائش گاہ پر کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا اس وبا کی روک تھام کے لیے احتیاط ہی بہترین علاج ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے انفیکشن کی روک تھام کے لئے عوام میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین، اٹلی، ایران اور امریکہ میں اس بیماری کے تجربے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ ابتدائی مراحل میں کورونا وائرس کا انفیکشن آہستہ آہستہ پھیلتا ہے اور پھر اچانک متاثرہ افراد کی تعداد اور اس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی بڑھ جاتی ہے۔ ایسی صورتحال میں ہر فرد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس موضوع پر مستقل طور پر حساس ہے اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لئے تمام احتیاطی اقدامات اٹھا رہی ہے۔