جیسلمیر: راجستھان کے جیسلمیر میں، ہند-پاک سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورس نے سرحد پار سے خطرے اور ڈرون سرگرمیوں کو انجام دینے کی کوششوں کے تناظر میں کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے وسیع انتظامات کئے ہیں۔BSF On India Pakistan Border۔ ملکی سلامتی پر مامور سرحدی محافظ نامساعد حالات میں دشمن کے ناپاک عزائم پر چوبیس گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سرحد پر گشت تیز کر دیا گیا ہے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ تمام ڈی آئی جیز، کمانڈنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام سرحد پر رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
راجستھان فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل ڈیوڈ لالرن سنگا خود بھی بیکانیر سے متصل بین الاقوامی سرحدی علاقے میں پہنچ گئے ہیں اور سرحدی سرگرمیوں کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ آپریشن الرٹ کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ فوج کے اعلیٰ حکام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق راجستھان سے متصل بین الاقوامی سرحد پر ان دنوں ہائی الرٹ کی صورتحال ہے۔ 15 اگست یوم آزادی کے پیش نظر بی ایس ایف کی جانب سے 11 سے 17 اگست تک آپریشن الرٹ چلایا جا رہا ہے جس میں بی ایس ایف کی تمام شاخوں کے افسران سرحد پر پہنچ کر بین الاقوامی سرحد کی حفاظتی نظام کو چیک کرنے میں مصروف ہیں۔