گرفتار کئے گئے تینوں عسکریت پسندوں کا تعلق ممنوعہ خالصتان لبریشن فرنٹ سے بتایا گیا جبکہ ان کی شناخت سکھ چین سنگھ، امرت پال سنگھ اور جسپریت سنگھ کی حیثیت سے کی گئی۔
پنجاب ڈی جی پی، ڈنکر گپتا کے مطابق یہ تینوں عسکریت پسند مبینہ طور پر پاکستان، سعودی عرب، اور برطانیہ میں مقیم خالصتان نواز اپنے آقاوں کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں سرگرم تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ’یہ تینوں عسکریت پسند سوشیل میڈیا کے ذریعہ ایک دوسرے سے ربط میں آئے تھے۔ بعد میں انہیں پاکستان میں مقیم خالصتان نوازوں نے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بگاڑنے پراکسارہے تھے۔
خطرناک منصوبہ کو آگے بڑھانے اور دیگر ساتھیوں کو جوڑنے میں امرت پال سنگھ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ گرفتار کئے تین عسکریت پسندوں کے خلاف، غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ 1967 ایکٹ کی دفعہ 13,16,18,20 اور اسلحہ ایکٹ کی دفعہ 25/54/59 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اوراس سلسلہ میں مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی جی پی نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس نے چھ ماہ کے دوران 9 دہشت گرد ماڈیولز کا پردہ فاش کیا ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے خالصتانی لبریشن فرنٹ کے ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین حامیوں کو گرفتار کیا تھا۔ اسپیشل سیل کے ایک افسر نے گذشتہ ہفتہ بتایا تھا کہ پولیس نے خالصتان تحریک کی حمایت کرنے والے تین افراد کو گرفتار کیا ہے جو اپنے آقاوں کے اشارے پر شمالی ہند کی مختلف ریاستوں میں قتل جیسی واردات کو انجام دینے کی فراق میں تھے۔ گرفتار کئے گئے عسکریت پسندوں کی شناخت موہندر پال سنگھ، گرتیج سنگھ اور لوپریت کی حیثیت سے کی گئی تھی۔