پلوامہ (جموں و کشمیر):ضلع پلوامہ میں ترال کے دور افتادہ علاقہ نارستان میں ریچھ نے معمر شہری - جس کی شناخت ساٹھ سالہ محمد عبداللہ گورسی ولد فتح گورسی کے طور پر ہوئی ہے - پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہو گیا۔ زخمی ہوئے معمر شہری کو علاج و معالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سب ڈسٹرکٹ اسپتال ترال میں ابتدائی علاج و معالجے کے بعد اس کو سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال روانہ کیا گیا ہے جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہے۔ ادھر، وائلڈ لائف محکمہ کی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور ریچھ کو پکڑنے کی خاطر جگہ جگہ پھندے نصب کئے۔
مقامی سرپنچ غلام حسن نے بتایا کہ ریچھ کے حملہ میں زخمی ہونے والا شہری انتہائی مفلس ہے اور اب ریچھ کے حملہ کے بعد وہ مزدوری کے قابل بھی نہیں رہا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے متاثرہ کو ریلیف فراہم کرنے اور اس کی باز آبادکاری کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ ترال علاقے میں انسانوں اور جنگلی جانوروں کے مابین تصادم میں گزشتہ سال سے اب تک ایک درجن افراد زخمی ہو گئے ہیں اور اس موسم میں جبکہ فصلیں تیار ہوگئیں ہیں، وائلڈ لائف محکمہ نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔