پلوامہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں چیک بدری ناتھ، راجپورہ علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہو گیا جبکہ ایک اور رہائشی مکان کو جزوی طور نقصان ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آتشزدگی کی اس واردات میں غلام حسن نامی ایک شہری کا رہائشی مکان مکمل طور خاکستر ہو گیا جبکہ ایک اور شہری علی محمد کے مکان کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا تاہم جب تک عملہ جائے مقام پر پہنچتا، آگ کے سبب رہائشی مکان پوری طرح خاکستر ہو چکا ہے۔ آتشزدگی کے دوران کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ متاثرہ، غلام حسن، انتہائی مفلسی کی زندگی بسر کر رہا تھا جبکہ ان کے تین بچے جسمانی طور ناخیز ہیں اور غلام حسن مزدوری کرکے اپنے اور اہل و عیال کے لیے نان شبینہ کا بندوبست کر رہا تھا۔ وہیں آگ کی اس واردات نے اسے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا۔ غلام حسن نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’ہمارے گھر سے اچانک آگ نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے رہائشی مکان کو اپنی زد میں لے لیا اور گھر میں موجود سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔‘‘