نیٹ (NEET) کے امتحانات میں ضلع پلوامہ کے سب ضلع ترال علاقے کے طلبہ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ یہاں سے تقریبا بیس طلباء نے ان امتحانات کو کوالیفائی کیا ہے جن میں صبا رفیق ساکن بوچھو، جنید رشید ساکن لالگام اور صباحت فاروق ساکن امیرآباد قابل ذکر ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے صبا رفیق نے بتایا کہ انہوں نے بچپن سے ہی ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھا تھا اور’’والدین کے سپورٹ، اعزہ اقارب کی دعاؤں اور اساتذہ کی محنت اور لگن سے میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔‘‘
صبا رفیق کا کہنا ہے کہ وہ ماہر امراض قلب بن کر سماج کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔
صبا کے والد گورنمنٹ ٹیچر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’’آج کے دور میں بھی بچیوں کے پیدا ہونے پر بعض لوگوں کو خوشی نہیں ہوتی، تاہم میری دختر نے ثابت کر دیا کہ لڑکیاں کسی بھی طرح لڑکوں سے کم نہیں ہیں۔‘‘