ضلع پلوامہ کے ترال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بیچ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ میں تاخیر پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ میں تاخیر ہو رہی ہے۔
علاقے میں کووڈ کے لیے بھیجے گئے تقریباً سات سو نمونے جانچ کے لیے جی وی سی ہسپتال سرینگر بھیجے گئے لیکن ہنوز ان کی رپورٹ آنی باقی ہے جس کی وجہ سے آبادی میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔
علاقے میں ہوم آئیسولیشن میں رکھے گئے افراد نے بھی الزام لگایا ہے کہ کووڈ ایس او پیز کے مطابق وقت گزارنے کے باوجود محکمہ صحت کے اہلکار ان کا دوبارہ ٹیسٹ نہیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں یہ بھی پتہ نہیں چل پا رہا ہے کہ وہ صحت یاب ہیں یا نہیں۔
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے الطاف احمد ساکن حکیم محلہ ترال بالا نے بتایا کہ ان کا بیٹا پندرہ روز قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوا تھا لیکن محکمہ صحت کے اہلکار نے اس کا دوبارہ ٹیسٹ نہیں کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ 'مجھے ڈر ہے کہ وہ احساس کمتری کا شکار ہو کر کہیں ہلاک نہ ہو جائے'۔