پلوامہ (جموں و کشمیر) :’’بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں اندرونی خلفشار کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ضلع صدر پلوامہ، محمد لطیف بٹ، نے دعویٰ کیا کہ ’’بھاجپا میں پچاس سے زائد لیڈروں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، اور حریف پارٹیوں کی جانب سے محض ایک پروپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ہے۔‘‘ موصوف نے بدھ کو ضلع پلوامہ کے نارستان، ترال میں ایک دورے کے بعد ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران ان باتوں کا اظہار کیا۔
محمد لطیف بٹ نے تاہم اعتراف کیا کہ ’’پارٹی کے کئی لیڈران کو پارٹی معاملات کو لیکر کچھ شکوک و شبہات ہیں جن کو پارٹی صدر ازخود ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جلد ہی معاملات ٹھیک ہوں گے۔‘‘ محمد لطیف نے دعویٰ کیا کہ ’’بھارتیہ جنتاپارٹی وادی کے قرب و جوار میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے اور یہ اسی پارٹی کی دین ہے کہ ہر ایک باشندے کو گھر کی دہلیز پر حکومت پہنچ گئی ہے۔‘‘