ترال:گزشتہ روز ترال کے نارستان میں بادل پھٹنے کے بعد آئی طغیانی نے جہاں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا۔ وہیں نالہ نارستان میں موجود ٹراوٹ مچھلیوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی زبردست نقصان پہنچا ہے ۔
اس دوران آج ترال کے سابق ممبر اسمبلی اور نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر ڈاکٹر غلام نبی بٹ نے نارستان، گترو اور بنگہ ڈار کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر لوگوں نے سیلاب سے ہوئی تباہ کاریوں کے بارے میں موصوف کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر موصوف کو بتایا گیا کہ نارستان سے گجر بستی مجہ دجن تک کی رابطہ سڑک ناقابل آمد رفت بن گئی ہے جبکہ درگڈ محلہ میں سرائے بند نالے میں پانی کا، بہاو بڑھ جانے سے رہایشی مکانات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے نالے میں گہرائی کرنے کے لیے جے سی بی لگانے کی مانگ کی ہے ۔