پلوامہ: جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں برفباری سے پیدا شدہ صورتحال سے جہاں انتظامیہ نے پہلے ہی کنٹرول روم قائم کیا ہے وہیں آج صبح سے ہی میونسپل کارپوریشن ترال کے ملازمین کو مشینری بس اسٹینڈ، ترال بالا، ترال پایین اور اسپتال روڈ پر برف صاف کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ صدر میونسپل کارپوریشن ترال منظور احمد خان نے ازخود برف صاف کرنے کی مہم کی قیادت کی اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد برف ہٹانے کا کام کریں تاکہ عوام کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقعے پر متعدد عوامی وفود نے ترال ٹاون کے گلی کوچوں سے برف صاف کرنے کی مانگ کی جس پر صدر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ آج شام تک تمام راستے صاف کر دیے جائیں گے۔ اس موقعے پر سیکرٹری فاروق احمد کے علاوہ کونسلر نزیر احمد اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے صدر ایم سی ترال منظور خان نے بتایا کہ برفباری اگرچہ نیک شگون ہے تاہم آج صبح سے ہی میونسپل کارپوریشن ترال کا عملہ متحرک رہا جس دوران نہ صرف مشینری کو برف صاف کرنے کے لیے لگایا گیا بلکہ صفائی ملازمین کو بھی کام پر لگایا گیا، تاکہ ٹریفک کی نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا کہ کچھ لوگ گاڑیوں کو سڑکوں پر پارک کرتے ہیں جسکی وجہ سے مسافروں کو چلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے ترال ٹاون کے لوگوں کو یقین دلایا کہ آج شام تک تمام گلی کوچوں سے برف صاف کیا جائے گا۔