انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر زون وجے کمار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں ضلع پلوامہ کے پانپور میں سی پی آر ایف کے جوانوں پر کیے گئے حملے میں عسکری تنظیم لشکر طیبہ ملوث ہے۔
وجے کمار نے بتایا کہ لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا جس میں سی آر پی ایف کے دو جوان ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔
ہلاک شدہ سی آر پی ایف اہلکار وجے کمار نے بتایا کہ 'لشکر طیبہ سے وابستہ دو عسکریت پسند موٹر سائیکل پر آئے اور پانپور میں کنڈی زال پل کے نزدیک تعینات سکیورٹی فورسز کی ایک پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے دو جوانوں کی موت ہوگئی اور تین دیگر زخمی ہوگئے'۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت پاکستانی عسکریت پسند سیف اللہ کے طور پر کی گئی ہے جبکہ دوسرا عسکریت پسند مقامی ہے۔ وجے کمار نے بتایا کہ 'ان عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے کاروائی کی جا رہی ہے اور مجھے امید ہے کہ جلد ہی ان کو ہلاک کر دیا جائے گا'۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر: سی آر پی ایف پارٹی پر فائرنگ، دو جوان ہلاک
آئی جی پی نے کہا کہ قومی شاہراہ ایک مصروف جگہ ہے جہاں ہر روز سینکڑوں سویلین گاڑیاں گزرتی ہیں۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ، اگر ہم جوابی کارروائی کرتے اور اندھا دھند گولیاں چلاتے تو شہریوں کی ہلاکتیں ہوسکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔