پلوامہ (جموں و کشمیر) :جی 20 سمٹ کی اہمیت و افادیت اور عوام میں آگاہی کی غرض سے گزشتہ کئی مہینوں سے جموں و کشمیر خاص کر وادی کے طول و ارض میں مختلف پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے تحت جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس نے لاسی پورہ کے ایک نجی اسکول میں یوگا پروگرام کا انعقاد کیا جس میں ٹہاب زون کے سبھی سرکاری و نجی اسکولوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں طلبہ نے یوگا پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ کو مختلف یوگا ورزش کرائی گئی۔
یوگا پروگرام میں شریک ایک مقامی طالب علم، مختار احمد، نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یوگا سے ہم جسمانی و ذہنی طور صحت مند رہتے ہیں جس سے درس و تدریس میں بہتر پرفارم کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں اس سے بری عادتوں سے خود کو محفوظ رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کشمیر میں جی 20 سمٹ کے حوالہ سے آگاہی کی غرض سے اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا اور اس حوالہ سے طلبہ کو آگاہ کیا گیا۔