ضلع پلوامہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج بائیز میں این آر ایل ایم پلوامہ(Jk Rural Livelihoods Mission /NRLM Pulwana)کی جانب سے ’’ہاتھوں کا ہنر‘‘ کے عنوان سے ایک میلے کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے کیا۔
پلوامہ: ’ہاتھوں کا ہنر‘ عنوان سے میلہ منعقد میلے میں خواتین کی جانب سے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے جہاں پر انہوں نے ہاتھوں سے تیار کردہ اشیاء کی نمائش کی۔
واضح رہے کہ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں رہائش پذیر خواتین کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے ’’امید‘‘ نامی پروگرام چلایا جا رہا ہے جس میں خواتین کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے کی خاطر مختلف اسکیمیں متعارف کرنے کے علاوہ میلوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
بدھ کو اس پروگرام کی ایک کڑی کے تحت ضلع پلوامہ میں ’ہاتھوں کا ہنر‘ کے عنوان سے میلے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر راگھو لنگر نے مختلف اسٹالز کا جائزہ لیکر نمائش کے لئے رکھی گئی اشیاء کے متعلق معلومات حاصل کی۔
اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع کے مختلف محمکوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ اس میلے میں آکر اس میں شریک افراد کی حوصلہ افزائی کرنے کے علاوہ انکی ہر طرح کی ممکنہ مدد کے لیے سامنے آئیں۔