ترال:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں معروف اسلامی درسگاہ دارالعلوم نور السلام ترال کی مسجدمیں آگ رونما ہوئی، جس کی وجہ سے مسجد کی چھت اور اوپری منزل کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق درسگاہ دارالعلوم نور السلام میں آج صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری طرح پھیل گئی۔
تاہم محکمہ فائر سروس، پولیس اور رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔ اسی دوران اونتی پورہ سے بھی آگ بجھانے والی گاڑیوں کو لایا گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق شاید آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ بھڑک اٹھی۔ ضلع انتظامیہ کے اعلی افسران بشمول اے ڈی سی ترال ایس وائی نقاش، تحصیلدار ترال سجاد احمد اور دیگر عہدیدار حادثے کے مقام پر پہنچ گئے۔