پلوامہ (جموں و کشمیر):ـ چیف ایریا منیجر ریلوے نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں رتنی پورہ علاقے میں ہالٹ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ جلد ہی کشمیر ریلوے کو جموں کے ساتھ پوری طرح جوڑ دیا جائے گا جس کے بعد نہ صرف تیز رفتار، زیادہ دور تک جانے والی ٹرینز اور مال بردار ریل سروسز کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
ثاقب احمد، چیف ایریا منیجر ریلوے، نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ اس وقت وادی کشمیر میں 15 ریلوے اسٹیشن اور تین ہالٹ اسٹیشن ہیں اور پلوامہ ضلع کے رتنی پورہ اور ملحقہ علاقوں کے باشندوں کی جانب سے اسرار کیے جانے کے بعد یہاں بھی ایک ہالٹ اسٹیشن قائم کیا گیا جس سے لوگ مستفید ہوں گے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’انڈین ریلویز کافی ترقی کر رہا ہے اور یہ مسافروں کے ساتھ ساتھ مال بردار ٹرینز کا بھی متحمل ہے اور جبکہ کشمیر کو جموں کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے تو مسافر بردار ٹرینز کے ساتھ ساتھ دیگر ٹرینز بھی جلد ہی کشمیر کی پٹریوں پر دوڑیں گیں، جن میں مال بردار ٹرینز بھی شمال ہونگی۔‘‘