پلوامہ (جموں کشمیر) :گورنمنٹ ڈگری کالج ترال میں جاری ڈیجیٹل ویک کی تقریبات کے حوالے سے ایک ’’ڈیجیٹل میلہ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈیجیٹل میلہ کا افتتاح اے ڈی سی ترال ساجد یحییٰ نقاش نے کالج کے اسٹاف ممبران کی موجودگی میں کیا۔ میلے کے دوران طلباء سمیت دیگر شرکاء کو کئی لائن ڈپارٹمنٹس کی طرف سے کئے گئے ڈیجیٹل اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی، جبکہ اسٹال بھی لگائے گئے تھے جن کے ذریعے عہدیداروں نے مختلف ایسی اسکیمیں متعارف کروائیں، جو لوگوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔
میلے میں کئی محکموں نے ڈیجیٹل انڈیا مہم کے تحت اپنے اقدامات کو ظاہر کرتے ہوئے اسٹال لگائے تھے، متعلقہ محکموں کی جانب سے موقع پر فراہم کی جانے والی ای خدمات - جن میں آدھار کارڈ، اراضی (لینڈ) پاس بک کا اجرا اور دیگر خدمات سے عوام کو آگاہ کیا جن سے لوگ فائده اٹھا سکتے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر کالج انتظامیہ نے تقریب کو کامیاب بنانے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔