عید الاضحی کے پیش نظر پلوامہ میں انتظامیہ کی جانب سے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ طلب کی گئی جس میں ڈی سی پلوامہ نے گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
عید کے ایام میں ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں: ڈی سی پلوامہ ڈی سی پلوامہ نے افسران پر عید کے موقع پر سبھی طرح کی سہولیات بہم رکھے جانے پر زور دیا۔
ڈی سی پلوامہ بصیر الحق چودھری نے عید قربان کے موقع پر لوگوں سے کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے وضع کیے گئے رہنما خطوط پر عمل آوری کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے اور ماہرین کی جانب سے ممکنہ تیسری لہر کی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے سبھی افراد کو وضع کی گئی گائیڈ لانز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیاں ضرور منائیں، قربانی انجام دیں تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے بھیڑ بھاڑ سے پرہیز کریں۔
انہوں نے قربانی کے حوالے سے پھیلائی جا رہی افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا حکومت کی جانب سے قربانی کرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بار کی طرح امسال بھی متعلقہ اداروں کی جانب سے جانوروں کے ذبیحہ سے متعلق ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جسے بعض افواہ بازوں نے قربانی پر پابندی سے تعبیر کیا جو سراسر غلط ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قربانی پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں ہے تاہم اس حوالے سے وضع کی گئی گائیڈ لائنز اور قوانین کا پاس و لحاظ رکھنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: دکانداروں، چھاپڑی فروشوں اور اساتذہ کو ویکسنیشن
ضلع ترقیاتی کمشنر نے عید الاضحی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ ناجائز منافع خوری کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کریں۔
انہوں نے مزید کہا عید الاضحی کے موقع پر محکمہ انمیل ہسبنڈری کی جانب سے ضلع بھر میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے منڈیاں قائم کی جائیں گی۔
انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی افواہوں سے متعلق عوام کو خبردار کرنے اور اصل حقیقت ان تک پہنچانے کے لیے افسران پر زور دیا۔
اس موقع پر ترال، اونتی پوورہ اور پلوامہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ تحصیلداروں اور ضلع کے دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔