پلوامہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کوئل علاقے کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں سی آر پی ایف کی 182 بٹالین کی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں کوئل سمیت ملحقہ دیہات سے آئے لوگوں کا علاج و معالجہ کیا گیا۔ اس موقع پر نہ صرف مریضوں کی ماہر ڈاکٹروں نے تشخیص کی بلکہ انہیں ادویات بھی مفت تقسیم کیں۔ طبی کیمپ میں اسکولی بچوں کا بھی معائنہ کیا گیا جس کے لیے خصوصی ڈاکٹر کو مدعو کیا گیا تھا۔ مقامی باشندوں نے طبی کیمپ کے انعقاد پر سی آر پی ایف کی سراہنا کی۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشنوں کہا: ’’میڈیکل کیمپ میں آئے سبھی مریضوں کا اچھے ڈھنگ سے علاج کیا گیا جبکہ مفت ادویات بھی فراہم کی گئی اور یہ ایک اچھی شروعات ہے جس سے غریب لوگوں کو بڑی حد تک راحت ملے گی۔‘‘ طبی کیمپ میں علاقے کی مرد و زن، پیر و جواں نے شرکت کی جن کا سرکاری ڈاکٹروں کے علاوہ سی آر پی ایف کے ماہر ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کیا اور انہیں مفید مشوروں سے بھی نوازا۔