پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کریم آباد علاقے میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول میں بدھ کو سی آر پی ایف کی 182 اور 183 بٹالین کی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا، جس میں آس پاس کے دیہات سے آئی خاصی تعداد میں لوگوں نے اپنا علاج و معالجہ کرایا۔ کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے بچوں اور بزرگوں سمیت خواتین کا بھی چیک اپ کیا۔ اس موقع پر نہ صرف ان کی تشخیص کی گئی بلکہ مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔ سی آر پی ایف کی جانب سے منعقد کیے گئے کیمپ کی مقامی باشندوں نے کافی سراہنا کی۔
مقامی باشندوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میڈیکل کیمپ میں سبھی مریضوں کا اچھے ڈھنگ سے علاج کیا گیا جبکہ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ انہوں نے اس کو ایک اچھی پہل قرار دیتے ہوئے کہا: ’’اس سے غریب لوگوں کو بڑی حد تک راحت ملے گی۔‘‘ مفت طبی کیمپ میں علاقے کے مرد و زن کے ساتھ ساتھ بچوں نے بھی شرکت کی جن کی سرکاری ڈاکٹروں کے علاوہ سی آر پی ایف کے ماہر ڈاکٹروں نے طبی جانچ کی اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں جبکہ کیمپ میں آئے سبھی مریضوں کو بہتر مشورہ بھی دیا گیا۔