ترال ( پلوامہ):سی آر پی ایف 180 بٹالین نے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت نو اکتوبر سے شروع ہونے والے کرکٹ اور والی بال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب ہفتہ کے روز انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم ترال میں منعقد کی۔ اس ٹورنامنٹ میں بارہ کرکٹ اور بارہ والی بال ٹیموں نے شرکت کی۔ لڑکیوں کے ضمرے میں والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل شہید ہمایوں ٹیم نے جیت لیا۔
ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں آلوک اوستھی، ڈی آئی جی، سی آر پی ایف، ایس ایس پی اونتی پورہ اعجاز زرگر، ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہربخش سنگھ، اے ڈی سی ترال ساجد نقاش اور دیگر آفیسران کے علاوہ تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔اس ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کو ٹرافیوں کے علاوہ اسپورٹس کٹس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو ٹریک سوٹ بھی دیے گئے۔ اس ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو کھیلوں سے روشناس کرانا اور انہیں آؤٹ ڈور گیمز کھیلنے کی ترغیب دینا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کے دوران ترال علاقہ کی خواتین ٹیم نے والی بال کے مقابلے میں بھی حصہ لیا اور دیویانگ کی ٹیم نے کرکٹ مقابلے میں حصہ لیا۔ اس سوک ایکشن پروگرام کے ذریعے سی آر پی ایف نے یہ کوشش کی کہ آنے والے دنوں میں یہاں کے نوجوان کھیلوں میں نمایاں ترقی کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔