پلوامہ:جموں وکشمیر میں ابھی انتخابات کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہے تاہم بھارتیہ جنتاپارٹی نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بی جے پی ہی بنائے گی کیونکہ بی جے پی نے عوامی مفاد کے کام کر کے دیگر سیاسی پارٹیوں کے پیر اکھاڑ دیے ہیں۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے یوم پیدائش پر جنوبی کشمیر کے پامپور علاقے میں ایک پروگرام میں شرکت کے بعد بھارتیہ جنتاپارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت میں دعویٰ کیا کہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی پچاس سے زائد سیٹیں حاصل کرنے کا ٹارگٹ رکھا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم اطمینان سے سرکار بنانے میں کامیاب ہوں گے ۔
الطاف ٹھاکر نے واضح کیا کہ بی جے پی کشمیری پنڈتوں کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں کر رہی ہے بلکہ پنڈت برادری نے ہمیشہ بی جے پی کو سپورٹ کیا ہے اور ہم بھی ان کے جائز مطالبات کو لیکر سنجیدہ ہیں گزشتہ دنوں سے عسکری تنظیموں کی جانب سے پنڈت ملازمین کو خوفزدہ کرنے کی جو کوششیں کی ہے ہم ان کی مذمت کرتے ہیں اور ایل جی انتظامیہ سے اس بارے میں مناسب اقدامات کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔ آنے والے اسمبلی انتخابات میں غلام نبی آزاد کی نئی سیاسی پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی پارٹی کے ساتھ اتحاد کو مسترد کرتے ہوئے الطاف ٹھاکر نے بتایا کہ جمہوریت میں ہر ایک کو الیکشن لڑنے کا حق ہے اور کوئی بھی سیاسی پارٹی الیکشن لڑ سکتی ہے کیونکہ ہمارا ملک دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور جہاں تک کشمیر کا تعلق ہے یہاں بھی ہر سیاسی پارٹی قسمت آزمائی کرسکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ یہاں صرف نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو ہی حق نہیں کوئی بھی پارٹی انتخابات میں حصہ لے سکتی ہے۔ تاہم بی جے پی اپنے بل پر حکومت بنائے گی اور ہمیں کسی بھی پارٹی کی حمایت کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی ۔ BJP to form Next Government in Jk Says Altaf Thakur