پلوامہ (جموں و کشمیر) :’’عوامی مفادات پر سیاست کرنے والے گپکار الائنس کا شیرازہ اب بکھر چکا ہے اور اس میں شامل بڑی دو پارٹیاں آپس میں گھتم گھتا ہو رہی ہیں اور ایک دوسرے کو ایکسپوز کر رہی ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور ریاستی ترجمان الطاف ٹھاکر نے منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے نورپورہ، اونتی پورہ میں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
ٹھاکر نے کہا کہ ’’محبوبہ مفتی ہمیشہ پاکستان کے قصیدے پڑھتی ہیں، جبکہ نیشنل کانفرنس لیڈران چین کی بات کرتے ہیں، کیونکہ ان دونوں پارٹیوں کے مفادات ان ہی ممالک کے ساتھ جڑے ہیں۔‘‘ الطاف ٹھاکر نے کہا کہ ’’گزشتہ ستر برسوں کے دوران جو مظالم ان پارٹیوں نے عوام پر کیے ہیں یہ آج خود ان کو عوام کے سامنے لا رہے ہیں جبکہ بی جے پی کے نو سال حقیقت میں بے مثال ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن (پی اے جی ڈی) کے شرکاء - نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی - میں اس وقت مزید دوریاں بڑھ گئیں جب پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ نے نیشنل کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ یہ جماعت اقتدار کے لئے بی جے پی کے ساتھ الائنس کرنے کی بھیک مانگ رہی ہے۔ اس کے جواب میں نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ ’’اگر پی ڈی پی کو پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) سے علیحدہ ہونا ہے تو انکو فوراً یہ قدم اٹھانا چاہئے نہ کہ نیشنل کانفرنس کے خلاف فرضی بیان اور الزامات کو تقویت دینی چاہئے۔‘‘