اونتی پورہ: اونتی پورہ سڑک حادثے میں فوت ہونے والے افراد کے لواحقین کے حق میں ایک لاکھ روپے جبکہ شدید زخمی ہونے والے افراد کے لیے پچیس ہزار روپے ایکس گریشا کی رقم منظور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے بتایا کہ مہلوکین کی لاشوں کو گھر بھیجنے کے لیے سرکاری سطح پر تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیرالحق چودھری نے بتایا کہ آج صبح ہوئے المناک حادثے میں چار افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے بروقت انتطامات کیے گئے ہیں اور ایل جی منوج سنہا کی ہدایات پر مہلوکین کے لواحقین میں ایک لاکھ روپے جبکہ شدید زخمیوں میں پچس ہزار روپے کی ایکس گریشا منظور کی گئی ہے۔ انہون نے کہا کہ معمولی زخمیوں کو دس ہزار روپے کی رقم بطور ایکس گریشا ملے گی۔ ڈی سی نے مزید بتایا کہ لاشوں کو ان کے گھر بھیجنے کے لیے انتظامیہ اقدامات کر رہی ہے جس کے لیے تمام خرچہ ضلع انتظامیہ ہی برداشت کرے گا۔بصیر الحق چودھری نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر بالخصوص سڑکوں پر گاڑیاں چلاتے وقت تیز نہ چلائیں کیونکہ اکثر حادثات تیز رفتاری کی وجہ سے ہی واقع ہوتے ہیں۔