پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں جموں کشمیر پولیس نے منشیات کے استعمال کے خلاف ایک بیداری پروگرام / ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی میں طلباء، ہائر سیکنڈری اسکول چرسو، اونتی پورہ کے تدریسی و غیر تدریسی عملہ، پولیس اہلکاروں سمیت علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ بیداری ریلی کو ایس ڈی پی او اونتی پورہ ممتاز علی بھٹی نے آئی سی پولیس پوسٹ ٹول پلازہ کے نزدیک جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ریلی سب ڈویژن اونتی پورہ کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی چرسو کے قریب اختتام ہوئی۔
منتظمین کے مطابق آگاہی ریلی کا بنیادی مقصد منشیات کے استعمال کے مضر اثرات اور اس کے نتائج کے بارے میں آگاہی کو عام کرنا تھا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او اونتی پورہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات اور متعلقہ اشیاء کے استعمال کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کے ساتھ مل کر معاشرے سے اس سماجی برائی کو جڑ سے ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ طلباء و شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے استعمال کے خلاف پیغامات درج تھے اور سماجی برائی کے خلاف نعرے بازی بھی کر رہے تے۔ معاشرے سے اس بدعت کے خاتمے کے لیے ہاتھ ملانے کا بھی عہد کیا گیا۔