جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹرز میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو بھارتی اور پاکستانی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ جس دوران پاکستانی گولہ باری کی زد میں آنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئی جبکہ کئی رہائشی مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مینڈھر سیکٹر کے لینجوٹ علاقہ میں ایک پاکستانی شیل عبدالمجید کے مکان میں لگا جس کے نتیجہ میں اس کی بیوی سلیمہ بی زخمی ہوگئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے دوران 49 راشٹریہ رائفل کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمی خاتون کو پولیس اور طبی ٹیم کے ہمراہ بنیادی علاج و معالجه کرنے کے بعد پی ایچ سی دھاگلون منتقل کیا جہاں سے انہیں سب ضلع اسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا۔ تاہم بی ایم او مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان کا کہنا ہے کہ عورت کی حالت خطرے سے باہر ہے۔