مرکزی وزیر مملکت برائے کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ آف نارتھ ایسٹرن ریجن، بی ایل ورما نے پبلک آئوٹریچ پروگرام کے تحت سرحدی ضلع پونچھ کا دو روزہ دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیر مملکت نے سب ڈویژن سرنکوٹ میں قیام کیا اور سلسلہ وار سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے ضلع میں پانچ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح کیا اور سرکاری اثاثوں کو عوامی اِفادیت کے لئے وقف کیا۔
اِفتتاح شدہ منصوبوں میں سرنکوٹ میں نرسنگ ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ (تخمینہ لاگت 269.70 لاکھ روپے)، سحری چوانا علاقے میں میڈیکل سب سینٹر (تخمینہ لاگت 80لاکھ روپے)، دھارا سموٹ میں 150 میٹر سپین سٹیل فٹ برج (تخمینہ لاگت 355.72لاکھ روپے)، موری میں مڈل سکول کی عمارت (تخمینہ لاگت 34.36 لاکھ روپے ہے) شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب کے دوران وزیر مملکت نے کہا کہ جموں وکشمیر یوٹی ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پونچھ جیسے دُور دراز خطے میں ترقی کی رفتار کو بڑھانے کے لئے پی آر آئیز، ایڈمنسٹریٹیو عملہ اور دیگر ترقیاتی اِداروں کو مربوط اَنداز میں کام کرنا ہوگا۔