جموں:جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے تھانہ منڈی بفلیاز علاقے میں عسکریت پسندوں نے فورسز کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس نتیجے میں 5 فوجی جوان ہلاک جبکہ مزید دو کو تشویشناک حالت میں فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق راجوری اور پونچھ کے جنگلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج نے بدھ کے روز ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر تھانہ منڈی راجوری کے بفلیاز علاقے میں عسکریت پسندوں نے فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ گولیوں کی آوازیں سنتے ہی آس پاس تعینات اہلکار موقعے پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے چار فوجیوں کو مردہ قرار دیا۔ بعد ازاں ایک اور زخمی اہلکار چل بسا جس کے بعد مرنے والے اہلکاروں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
اس سے قبل ذرائع نے ہلاک ہوئے چار فوجی جوانوں کی شناخت بی سنگھ ، کے کمار، سی کمار اور جی کمار کے بطور کی جب کہ زخمیوں کی پہچان سندیپ کمار ، ایس ایس داس اور ٹی ڈی بھاسکراو کے بطور ہوئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا حملے کے بعد فوج نے بھی جوابی کارروائی شروع کی تاہم عسکریت پسند گھنے جنگلات کی طرف بھاگنے میں کامیاب ہوئے، جنہیں مار گرانے کی خاطر فوج کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے۔