پونچھ (جموں کشمیر) :یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو سرحدی ضلع پونچھ کے سالیہ گاؤں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انکاؤنٹر کے دوران ہلاک ہوئے حوالدار کے کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور انہیں انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔ یاد رہے کہ راجوری ضلع میں انکاؤنٹر کے دوران پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے ان میں سرحدی ضلع پونچھ کا پیرا ٹروپر حوالدار عبدالمجید بھی شامل ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ملک کی سالمیت کے لئے اپنی جان ک نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجی عبد المجید کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سوگوار خاندان کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا، جس میں انہوں نے حوالدار عبدالمجید کے والد محمد راشد اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ بھی بات چیت کی ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا: ’’دکھ کی گھڑی میں پورا ملک آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔‘‘ ایل جی نے کہا: ’’ عبد المجید سمیت دیگر شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں گئی۔‘‘