پونچھ (جموں و کشمیر) :سرحدی ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی میں بلاک ساتھرہ کے بانڈی کماں خان علاقے کے باشندوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے علاقہ کی خستہ حال سڑکوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہ ’’پیر موڑ ساتھرہ سے ہائی اسکول بانڈی کماں خان سڑک گزشتہ کئی عرصہ سے خستہ حالی کی شکار ہے جس کے سبب لوگوں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘
احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی زیر نگران اس سڑک کا مرمتی کام گزشتہ برس شروع کیا گیا تھا اور محض ایک کلو میٹر طویل سڑک کی میگڈمائزیشن انجام دی گئی تھی، تاہم چند دن بعد ہی تارکول اکھڑ کر سڑک پھر سے خستہ ہو گئی جبکہ بقیہ مرمتی کام بھی روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی خستہ حال سڑکوں کی معمولی مرمت کے لیے اور سڑکوں کو قابل آمد و رفت بنانے کے لیے پنچایت حلقہ سے رقم واگزار کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی سڑک بیشتر مقامات پر اس قدر تنگ ہے کہ بشمکل ایک وقت میں ایک گاڑی گزر سکتی ہے جس کے باعث مسافرین کی سخت پریشانیوں سے جوجھنا پڑتا ہے۔