پونچھ:فوج نے بیان کے مطابق جمعرات کے روز سرحدی ضلع پونچھ میں فوجی گاڑی پر عسکریت پسندوں کے حملے میں پانچ فوجی جوان ہلاک ہوگئے ہے۔ فوج کے مطابق جس گاڑی میں فوجی اہلکار سوار تھے اس پر عسکریت پسندوں نے بھمبر گلی کے نزدیک دستی بم سے حملہ کیا تھا۔فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کی سہ پہر تقربیاً 3 بجے راجوری سیکٹر میں بھمبر گلی اور پونچھ کے درمیان جانے والی فوج کی ایک گاڑی پر نامعلوم عسکریت پسندوں نے حملہ کیا ۔حملہ میں فوجی گاڑی میں آگ لگ گئی۔ فوج کے مطابق عسکریت پسندوں کی جانب سے ممکنہ طور پر گرینیڈ کے استعمال کی وجہ سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔
فوج کے شمالی کمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پونچھ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے تعینات راشٹریہ رائفلز یونٹ کے پانچ اہلکار، بدقسمتی سے اس واقعے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملہ میں ایک اور شدید زخمی ہوا ہے ، جنہیں علاج کے لیے فوری طور پر فوجی ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔
اس حملے کے بعد فوج نے علاقہ کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارروائی شروع کی ہے۔ فوج نے علاقہ میں ڈروان کا استعمل بھی کیا ۔ اس دوران فوج نے مذکوہ سڑک پر ٹریفک کی نقل وحمل کو بند کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ فوجی گاڑی میں آگ آسمانی بجلی گرنے سے لگی ہے۔ بتادیں کہ جمعرات کا واقعہ جموں و کشمیر میں اس سال کے بڑے جنگجو حملوں میں سے ایک ہے۔