نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں جمعہ کی شام ہونے والے المناک ٹرین حادثے کو 'انتہائی سنگین' قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے اور جو بھی جانچ میں قصوروار پایا جائے گا اسے بخشا نہیں جائے گا۔ جائے حادثہ پر امدادی کاموں کا جائزہ لینے اور اسپتال میں داخل زخمیوں سے ملاقات کے بعد بالاسور میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حادثے سے سبق سیکھ کر شہریوں کی حفاظت کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا۔ مودی نے افسران کو زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کی ضروریات کا پورا خیال رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ سوگوارکنبوں کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔
اڈیشہ کے بالاسور میں بہنگا بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 288 ہو گئی ہے اور 800 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 56 کی حالت تشویشناک ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حادثے کی مناسب اور تیز چھان بین کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف تیزی سے اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ غم کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم ان واقعات سے بھی بہت کچھ سیکھیں گے اور شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے انتظامات کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان ٹرینوں میں سفر کر رہے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اس زبردست حادثے سے متاثر ہوئے ہیں۔ جانوں کے اتلاف پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد مہیا کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان سوگوار کنبوں کے ساتھ کھڑی ہے، جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے۔