گنجم: ریاست اوڈیشہ کے ضلع گنجم میں ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ جس میں 12 افراد کے ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز علی الصبح ضلع گنجم میں ایک او ایس آر ٹی سی بس اور ایک نجی بس کے درمیان تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ افسوسناک سڑک حادثہ گنجم ضلع کے دیگاپاہنڈی کے قریب پیش آیا۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر اس حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے جائے حادثہ کا جائزہ لیا اور فوری طور پر زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اوڈیشہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن بس اور پرائیویٹ بس کے تمام مسافروں کو برہم پور کے ایم کے سی جی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس نے راحت و رسانی کا کام شروع کردیا ہے اور بس میں پھنسی لاشوں کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ معلومات کے مطابق اوڈیشہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (او ایس آر ٹی سی) کی بس رائے گڑھ سے اڈیشہ کی راجدھانی بھونیشور جا رہی تھی۔ پیر کے اوائل میں او ایس آر ٹی سی بس ایک پرائیویٹ بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ دونوں بسوں کے اگلے حصے کو بری طرح نقصان پہنچا۔ اس سڑک حادثے میں کم از کم دس مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی اب مرنے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ حادثے کی وجہ سے 8 دیگر مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں، جن کا برہم پور کے ایم کے سی جی اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ دیگر مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، جن کا قریبی اسپتال میں علاج جاری ہے۔