اوڈیشہ کے بالاسور میں ٹرین حادثے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس حادثے کے بعد پٹریوں کی مرمت کر دی گئی اور ان پر دوبارہ ٹرینیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔ ایسے میں بدھ کو مغربی بنگال کے شالیمار سے کورومنڈیل ایکسپریس بھی چنئی کے لیے روانہ ہوئی۔ دو جون کو اوڈیشہ میں تین ٹرینوں کے درمیان حادثے کے بعد یہ ٹرین پہلی بار پٹری پر واپس آئی ہے۔
کورومنڈیل میں سفر کرنے والے مسافروں نے اپنا ردعمل دیا ہے۔ کچھ مسافر بہت ڈرے ہوئے ہیں اور کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں ریلوے پر بھروسہ ہے۔ اس ٹرین کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد ایک مسافر ہاتھ میں 'لڈو گوپال' (کرشن کا بچہ روپ) کی مورتی لے کر پہنچی۔ ہگلی کے کون نگر کی رہنے والی لکشمی داس سرکار نے بتایا کہ وہ 2 جون کو بھی کورومنڈیل ایکسپریس میں سفر کرنے جارہی تھیں۔ لیکن وہ اس دن ٹرین میں سوار نہیں ہوئی اور اسی دن کورومنڈیل ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی۔