ریاست مہاراشٹر کے کلیان مغرب کے اٹالی علاقہ میں جسم سے بھوت باہر نکالنے کے نام پر معمر ماں اور بیٹے کا انتہائی بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا۔ کھڑک پاڑہ پولیس نے تانترک سمیت چار ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمین میں مہلوک شخص کا نابالغ بیٹا بھی شامل ہے۔
کلیان کھڑک پاڑہ پولیس تھانہ کے ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے اٹالی علاقہ میں رہائش پذیر پنڈ ھری ناتھ تَرے 50 اوران کی بھتیجی کویتا تَرے کے جسم میں’ دیوی شکتی‘ کا شبہ ہو نے پر اہل خانہ نے دونوں کو اسی علاقہ میں رہنے والے ایک نام نہاد تانترک سریندر پاٹل کے پاس لے گئے۔ تانترک نے اہل خانہ کو بتایا کہ پنڈھری ناتھ اور اس کی ماں چندو بائی ترے 79 کے جسم میں بھوت ہے جو مختلف جادو ٹونا اور جھاڑ پھونک کے بعد ہی نکلے گا۔